مزید خبریں

سکھر ائر پورٹ پر اترنے والا غیرملکی امدادی سامان کہاں گیا؟

کراچی(نمائندہ جسارت)جمعیت اتحاد العلما سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ حکومت دنیا بھر سے امداد مانگ کر ایٹمی ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی اور100 سے زاید مال بردار طیارے امدادی سامان لیکر سکھر ائرپورٹ پر اترے لیکن وہ امدادی سامان کہاں گیا آج تک کچھ پتا نہیں جبکہ سیلاب اور بارش سے متاثرہ لوگ آج بھی سڑکوں پر بے سروسامانی کی کیفیت میں پڑے ہوئے ہیں، حکمران اپنی دولت ملک میں لاکر سیلاب زدگان کی مدد کریں، موجودہ حکمرانوں نے عملی طور پر ملک آئی ایم ایف کا غلام اور پورے قوم کو مقروض بناکر رکھ دیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ مغربی کلچر کو فروغ دیکر مغربی آقائوں کو خوش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ٹرانس جینڈر بل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، حکمران عوام دشمن اور اللہ،رسولؐ سے اعلان جنگ کررہے ہیں، قوم کو بتایا جائے کہ دنیا بھر سے آنے والی نقد اور سامان کی صورت میں امداد وہ کہاں ہے، سیلاب زدگان کے لیے بیرون ملک سے آنے والا امداد الخدمت کے ذریعے تقسیم کیا جائے۔اسحاق ڈار کے بطور وزیرخزانہ تقرر کی مذمت کرتے ہیں،چوروں کو چوکیدار بنانے سے ملک سری لنکا بن جائے گا، سندھ کے عوام کے دکھوں کا علاج جماعت اسلامی اور الخدمت کررہی ہیں، قوم کو اب جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا، حکمران اپنی عیاشیاں ختم، ارکان پارلیمنٹ کی مراعات بند کرکے سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی جائے۔