مزید خبریں

انگلش ٹیم کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ، صوبائی وزیر

لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں انگلینڈ ٹیم کے دورہ لاہور اور صوبے میں لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، آئی جی پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم)کیپٹن (ر) اسد اللہ، سی سی پی او لاہور، کمشنر اور دیگرحکام نے اجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم نے لاہور میں 28، 30 ستمبر اور 2اکتوبر کو3 میچ کھیلنے ہیں،حکومت کی طرف سے انگلینڈ کی ٹیم کو وی وی آئی پی کاا سٹیٹس دیا گیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے دوران شہریوں کیلئے ٹریفک کے کم سے کم مسائل پیدا ہونے چاہئیں۔کابینہ کمیٹی نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہوٹل میں قیام کے دوران عام لوگوں کے میل جول پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ پی سی بی کے نوٹس میں لایا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ مہمان ٹیم کیلئے طے شدہ سکیورٹی پروٹوکول پر عملدرآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے دوران لوڈشیڈنگ کی صورت میں جنریٹرز کی تعداد پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔راجہ بشارت نے ضلعی انتظامیہ اور پی سی بی سے کہا کہ اسموگ کے خطرے کے پیش نظر متبادل ذرائع کا جائزہ لیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میں 6 اکتوبر سے پاکستان جونیئر لیگ بھی شروع ہوگی،انڈر 19 کے میچ21 اکتوبر تک جاری رہیں گے جس میں ڈیرن سیمی سمیت بعض غیرملکی کھلاڑی بھی مدعو ہیں۔