مزید خبریں

مقتدر جماعتوں نے ملک وقوم کیلیے کوئی کام نہیں کیا‘راشد نسیم

کراچی(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مقاصد کے حصول میں رکاوٹ نہیں مدد گار ہے، بار بار انتخابات جیتنے والی جماعتوں نے ملک کی فلاح کے لیے کوئی کام نہیں کیا،ہر پہلو سے زوال ہی نظر آتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شرقی کے تحت ہر سطح کے ناظمین کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلع شرقی کے امیرسید شاہد ہاشمی، انجینئر عزیز الدین ظفر، ڈاکٹر فواد احمد اور دیگر ذمے
داران نے بھی خطاب کیا۔جماعت اسلامی کے کارکنان کا بنیادی مقصد اقامت دین کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ جماعت اسلامی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں جانے والے لوگوں نے بھی کچھ نہیں کرسکے۔ جماعت اسلامی اپنی تنظیم کی وجہ سے آج بھی ایک موثر قوت ہے۔راشد نسیم نے کہا کہ سید مودودی اپنی ذات میں ایک ادارہ اور تھنک ٹینک تھے،انہوں نے طویل مطالعے اور غور وفکر کے بعد جماعت اسلامی قائم کی،انہوں نے اللہ اور رسول کی اطاعت کو ہرچیز پر مقدم رکھا۔ راشد نسیم نے چودھری غلام محمد مرحوم کو بھی بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے کراچی جماعت کو مضبوط تنظیمی بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موازنہ سیکولر لبرل جماعتوں سے نہیں کیا جاسکتا، ہر جماعت کی ایک بنیاد ہوتی ہے جماعت اسلامی کی بنیاد تنظیم ہے۔