مزید خبریں

میرپورخاص،شہید بینظیر بھٹو چیئریٹی اسپتال کی عمارت زبوں حال

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے غریب عوام کو علاج و معالجہ کی جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے چند سال قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے سبزی منڈی کے سامنے شہید بے نظیر بھٹو چیئر ٹی اسپتال تعمیر کیا گیا تھا جو کہ باقائدہ طور پر فنکشنل نہیں ہو سکا جبکہ اسپتال کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری جنریٹر اور دیگر سامان فراہم کیا گیا تھا لیکن حکومتی عدم توجہی اور فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے عمارت اور مشینری ناکارہ اور خراب ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند سال قبل میرپورخاص کی غریب عوام کو علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سابق صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال کی کوششوں سے کروڑوں روپے مالیت کا شہید بے نظیر بھٹو چیئر ٹی اسپتال تعمیر کیا گیا تھا اور اسپتال کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری اور ہیوی جنریٹر، ایکسرے مشین ، الٹراسائونڈ مشین ، ای سی جی مشین اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا تھا لیکن یہ مشینری اسپتال میں نصب نہیں کی گئی اور اسپتال باقائدہ طور پر فنکشنل نہ ہونے اور محکمہ صحت کی عدم توجہی کے باعث مشینری اوراسپتال کی عمارت خراب ہو رہی ہے تاہم حال ہی میں اس اسپتال میں تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اقبال کھتری نے اپنی کوششوں کے بعد اسپتال کو چلانے کی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹر اقبال کھتری کا کہنا ہے کہ اسپتال میں تمام مشینری موجود ہے تمام اسپتال سینٹرل آکسیجن ہے ہم نے بچوں کا وارڈ قائم کیا ہے گائنی کا شعبہ بھی شروع کر رہے ہیں جبکہ نصف فیس پر خون کے ٹیسٹ بھی کرنا شروع کر دیے ہیں بہت جلد غریب مریضوں کو ایکسرے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال کی اپنی ایمبولنس بھی ہے اسپتال میں انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں ڈاکٹرز سرکاری طور پر تعینات ہیں جبکہ پیرا میڈیکل اسٹاف پرائیویٹ ہے جن کی تنخواہ سیٹھ ہری رام ادا کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے اس اسپتال کے لیے کوئی فنڈز مختص نہیں ہیں جس کی وجہ سے اسپتال مکمل طور پر فعال نہیں ہو رہا ہے اور اس جدید اسپتال کے فنکشنل نہ ہونے کی وجہ سے غریب مریضوں کو دور سول اسپتال میں علاج و معالجہ کے لیے جا نا پڑتا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو چیئرٹی اسپتال کے فنڈز مختص کر کے اسے فنکشنل کیا جائے تاکہ مقامی طور پر غریب مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم ہو سکیں۔