مزید خبریں

ملکی سلامتی پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 12گھنٹوں میں وزیر اعظم ہاؤس کی دو آڈیو ٹیپس کا لیک ہونا تشویشناک ہے۔ وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والی گفتگو ویب سائٹ پر برائے فروخت ہے۔ملک کی سلامتی پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ آڈیو لیکس کا نوٹس لینا یا محض تحقیقات کا اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ اس حوالے سے جلد ازجلد انکوائری کو مکمل کرکے رپورٹ پبلک کی جائے۔ ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور فیصل آباد میں مختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات اور بھارت سے تجارت کی باتیں غیر حقیقت پسندانہ اور عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ حکمرانوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ اتحادی حکومت اور نام نہاد اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والی تحریک انصاف صرف اور صرف اقتدار کے حصول کی کشمکش میں ہیں۔ دونوں نے ہی عوام کو نظر انداز اور مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام اسٹک ہولڈرز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ سیلاب زدگان ابھی تک حکومت امداد کے منتظر ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مقصود بٹ کے بیٹے عاصم عزیز بٹ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے (آمین)