مزید خبریں

آڈیو لیک،قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب،جے آئی ٹی بھی تشکیل

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) وزیراعظم ہاؤس سے ڈیٹا ہیک ہونے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سمیت اہم مقامات سے خفیہ ریکارڈنگ کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہونگے۔ اجلاس میں سیکورٹی اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کا ڈیٹا ہیک ہونے کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کیسے آئی ٹی ڈیٹا ہیک کیا گیا، جے آئی ٹی کو اختیار ہو گاوہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو شامل تفتیش کرے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل
ریکارڈنگ ہوئی تحقیقات ہوں گی، تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعے کے وقت کون کون افسر وزیر اعظم ہاؤس میں موجود تھا، وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مامور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں سے بھی تحقیقات ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس اور آفس پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی گئی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے، اجلاس میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ آئی بی اور آئی ایس آئی کے سربراہان خفیہ ریکارڈنگز سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کو بریف کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ بھی شرکت کریں گے۔