مزید خبریں

اسٹریٹ کرائمز کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ ہے‘ایڈیشنل آئی جی

کراچی(نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے شہر قائد میں بڑھتے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی کے حوالے سے میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے‘ کراچی کی بزنس کمیونٹی پورے ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے‘کراچی کی بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں‘دونوں مل کر اسٹریٹ کرائمز کا قلع قمع کریں گے‘ کراچی پولیس میں بھرتیوں کے لیے سندھ حکومت نے اجازت دیدی ہے‘ اہالیان کراچی شہر کی خدمت کے لیے پولیس فورس جوائن کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صنعتکار ایس ایم منیر نے کہا کہ ملکی معیشت ڈوب رہی ہے، ایک دوسرے کو چور چور کہنا بند کیا جائے۔ خالد تواب نے کہا کہ غیر مقامی افراد کی شہر میں موجودگی اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کی وجہ ہے۔ چیئرمین لا اینڈ آرڈر کمیٹی دانش خان نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح بڑھ گئی ہے ۔