مزید خبریں

اسحاق ڈار واپس نہیں آسکتے،رانا ثناء کو ماڈل ٹاؤن کیس پر سزا ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب

گجرات (آئی این پی/آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ اب اپنے انتخابی ٹکٹ گھر پر رکھ لے‘ یہ اب کوئی نہیں لے گا‘ پنجاب حکومت گرانے والے اپنی فکر کریں‘ حکومت آنے کے بعد شہباز شریف ایکسپوز ہوگیا‘ اس کا بھائی آیا تو آتے کے ساتھ ہی پکڑا جائے گا‘ چارج لیا تو حیران رہ گیا کہ یہ کچھ کر کے ہی نہیں گئے‘ پہلی دفعہ وزیر اعلیٰ بنا تو میٹرک تک تعلیم مفت کی، اب بی اے تک تعلیم اور کتابیں بھی مفت کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ چودھری ظہور الٰہی پیلس آمد کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسحاق ڈار پر مقدمات ختم نہیں ہوئے‘ وہ پاکستان نہیں آسکتے، جب عمران خان کال دیں گے تو رانا ثنا اللہ اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائیں‘ وفاقی وزیر داخلہ کو ماڈل ٹائون میں خون کی ہولی پر سز ا ہوگی‘ چودھری پرویز الٰہی نے مریم نواز کی باتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تو اس خاندان کی بڑی خدمت کی ہے مگر مریم بی بی کے بارے میں جو آڈیو لیکس ہوئی ہیں اس میں انہوں نے جو میرے بارے میں زبان استعمال کی ہے اس پر مجھے افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اصلیت سب کے سامنے ہے، شہباز شریف کو وزیر اعظم بنا کر قوم کو کیا تحفہ پیش کر دیا گیا اور شہباز شریف کی مغلیہ سوچ سے ہم پہلے ہی واقف ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب پر گجرات میں زہریلی مکھیوں نے حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الٰہی پر گجرات میں زہریلی مکھیوں نے اس وقت حملہ کیا جب وہ ظہور الٰہی کی برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیکورٹی عملہ زہریلی مکھیوں سے ان کو بچاتا رہا ، سیکیورٹی عملہ ناکام ہوا تو وزیر اعلیٰ نے بھاگ کر زہریلی مکھیوں سے جان چھڑوائی۔