مزید خبریں

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو3رنز سے شکست دیدی

کراچی (رپورٹ:وزیرعلی قادری)7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ لیام ڈاؤسن اور ہیری بروک 34،34 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ دونوں اوپنرز کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کو دوسرا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ صرف 2 رنز بناسکے۔ قومی ٹیم نے20
اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹوپلی نے 2 ، ڈاؤسن اور ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا‘14 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔فل سالٹ 8، الیکس ہیلز5 اور ول جیک صفر پر آؤٹ ہوئے۔انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 33 رنز بناکرٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے علاوہ کپتان معین علی 29 اور ڈیوڈ ولی 11 رنز بناسکے۔مسلسل وکٹیں گرنے کے دوران ہیری بروک اور لیام ڈاؤسن نے انگلش ٹیم کو جیت کی امید دلوائی لیکن وہ بھی34،34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کو آخری اوور میں 4 رنز جبکہ پاکستان کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم 20 ویں اوور میں شان مسعود نے ٹوپلی کو رن آؤٹ کرکے پاکستان کو 3 رنز سے کامیابی دلوادی۔ گرین شرٹس کی جانب سے محمد نواز اور حارث رؤف نے3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔