مزید خبریں

سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں” ایک مریض ایک آئی ڈی” نظام پر کام شروع

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ کے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سرکاری اسپتالوں میں ’’ایک مریض ایک آئی ڈی‘‘ کانظام متعارف کرانے پر کام شروع کردیا ہے۔مریضوں کا مکمل ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرکے اس کو دیگر اسپتالوں سے منسلک کردیا جائے گا، جس کے نتیجے میں مریض اور اس بیماری کا مکمل ریکارڈ تمام ملحقہ اسپتالوں کے کمپیوٹر میں محفوظ ہوجائے گا۔ یہ بات صوبائی سیکرٹری آئی ٹی آصف اکرام نے جسارت ” سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد صوبے کے 16 بڑے اسپتالوں میں مریضوں کے ریکارڈ تک ہر اسپتال کو مریضوں کی آئی ڈی سے رسائی حاصل ہوجائے گی، یہ ایک انقلابی قدم ہوگا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت آئی ٹی کے زیادہ استعمال کرنے میں دلچسپی لے رہی ہے اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اس ضمن میں خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ آصف اکرام کے بقول معاشرتی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی فروغ دینے کے لیے اقدام تیزی سے اٹھا یاجارہا ہے، اس ضمن میں سندھ حکومت نے پالیسی کو وضع کرلیا ہے جس کے تحت انٹرنیٹ کلاوڈ پرووائڈر کی رجسٹریشن کی جائے گی انہیں ایک چھتری تلے جمع کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ کلاوڈ پرووائڈر کی رجسٹریشن کے بعد انہیں صوبائی اور وفاقی حکومت کے قوانین کے مطابق لائسنس جاری کیے جائیں گے،انٹرنیٹ کے لیے وائی فائی سینٹرز کے قیام کے منصوبے پر کام شروع کیاجاچکا ہے، پروجیکٹ کے تحت لیارری، بدین اور لاڑکانہ میں سینٹر قائم کیے جاچکے ہیں۔ آئی ٹی سیکرٹری نے مزیدبتایا کہ آئی کے فروغ کے لیے 400طالبعلموں کو انٹرنیٹ سافٹ وئیر کی مفت تربیت کے پروجیکٹ پر بھی کام جاری ہے جس کے تحت طالبعلموں کو مختلف نوعیت کے سافٹ وئیر کی تیاری کے کام سکھائے جائیں گے تاکہ وہ فری لانسر کے طور پر کام کرسکیں اور روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔