مزید خبریں

ناقدین کو کچھ نہیں کہتا ، بابر اعظم ، کارگردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کا عزم

کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی سے اعتماد ملا ہے۔کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ جو چیز ہمارے کنٹرول میں نہیں، اسے سوچتے بھی نہیں۔انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں پرفارمنس زبردست رہی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی اہداف حاصل کیے ہیں۔محمد رضوان اور میں نے ہدف پانے کیلیے پلاننگ کے مطابق کھیلا۔کنڈیشن اور ہدف کے لحاظ سے پلان بنایا تھا اور مثبت کھیلے۔ ہمارامقصد صرف ایک ہی تھا کہ پاکستان یہ میچ جیتے ۔ قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کے اور رضوان کے مابین اچھے تعلقات ہیں۔ٹیم میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا ضروری ہوتاہے۔بابر اعظم نے کہاکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی بجائے حسنین کو موقع دینے کا مقصد بینچ اسٹرینتھ دیکھنی تھا۔بینچ اسٹرینتھ کی اہلیت کو چیک کرنا ضروری ہے کیونکہ ورلڈ کپ قریب تر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھنے میں ڈرائی لگ رہی تھی،ہم نے کچھ کیچز ڈراپ بھی کیے ۔ نیشنل اسٹیڈیم کی کنڈیشن میں اسپن بولنگ کو سپورٹ ملتی ہے۔انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ،پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا ہے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شائقین نے ایک مرتبہ پھر اسٹیڈیم بھر دیا۔ شائقین کی آمد کا سلسلہ تین بجے سے ہی شروع ہوچکا تھا، سیکورٹی اہلکاروں کا بھی کہیں کہیں تعاون نظرآیا۔ تاہم چند شائقین سخت سیکورٹی سے نالا ں نظرآئے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شائقین نے بابراعظم اور محمد رضوان کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں بڑے ہدف کا تعاقب کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔رمیز راجا نے کہا ہے کہ یہ تو چھوٹا سا ہدف تھا جسے بہترین اور تباہ کن انداز میں پورا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے شائقین اور ٹیموں میں اس سے بھی زیادہ جوش، جذبہ اور طاقت آئندہ میچ کے لیے باقی ہو۔