مزید خبریں

حکومتی بھان متی کا کنبہ ناکام ہوگیا،سردارظفرحسین خان

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیں، ملک تقریروں سے نہیں، کارکردگی کی بنیاد پر چلتے ہیں۔سیاسی منظرنامہ حکومت کے گلے کی ہڈی بن چکا۔ حکومتی وزرا اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے بے سروپا بیانات ملکی رسوائی اور جگ ہنسائی کے ساتھ ساتھ ملک کو سیاسی بحران کی جانب دھکیل رہے ہیں۔حکومتی بھان متی کا کنبہ ناکام ہوگیا۔ شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مکمل بااختیار بنادیا جائے اور فوری انتخابات کا اعلان کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتیں بھی ناکام اور کارکردگی مایوس کن ہے۔ مرکز میں فساد ہوگا تو صوبے امن اور گڈ گورننس کے جزیرے نہیں بن سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی دنگل جاری ہے۔عوام کی کسی کو پرواہ نہیں ۔ قوم مفادات کی خاطر لڑائی کا تماشا دیکھ رہی ہے۔ ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہنے والے سیاست دان مفادا ت کے لیے شیروشکر ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اقتدار کے لیے سب کو گلے لگانے کے لیے تیار ہیںجماعت اسلامی کی جدوجہد نظام بدلنے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مفادات کی لڑائی سے عام آدمی کو کوئی دلچسپی نہیں۔ غریب آدمی کو کھانے اور مہینے کے بلوں کی فکر ہے ۔ تینوں بڑی جماعتیں بری طرح بے نقاب ہو گئیں۔