مزید خبریں

بجلی کے نئے ٹیرف سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جاوید قصوری

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی کے نئے ٹیرف سے عوام میں تشویش کی لہر دوڈ گئی ہے۔ ایک طرف200یونٹس تک کا ریٹ 18.95 روپے ، 300یونٹس کا ریٹ 22.15اور 400 یونٹس کا ریٹ 25.53روپے ہو گیا ہے جبکہ دوسری طرف گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ہر شخص اور ہر سیکٹر لوڈشیڈنگ سے متاثر ہے۔ رہی سہی کسر بجلی کے ٹیرف میں ہوشربا اضافے نے پوری کردی ہے۔ پندرہ ہزار ماہوار تنخواہ لینے و الوں کے بجلی کے بل 40ہزار تک آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سنگین قسم کی مہنگائی نے تمام اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ ملک میں چند ماہ کے دوران بنیادی اشیا کی قیمتوں کا افراط زر 47فیصد سے تجاوز کرچکا ہے۔ حکمران آئی ایم ایف سے پوچھے بغیر ایک پالیسی نہیں بناسکتے۔ تحریک انصاف اور موجودہ اتحادی حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران جس طرح بے رحمانہ انداز میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھایا گیا ہے، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وسائل سے مالا مال پاکستان حکمرانوں کی نا اہلیت اور غیر سنجیدہ رویے کے باعث مسائلستان بن چکا ہے۔ اشیا خورونوش کی قیمتیں 30فیصد تک اور بجلی 52فیصد تک مہنگی ہوچکی ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں 62فیصد تک اضافہ کردیا ہے جبکہ 70فیصد ٹرانسپورٹ بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ کوئی ایک سیکٹر بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جائے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران الحق نے پریس کلب کے لائف ممبر اور سینئر فوٹو جرنلسٹ نواز عالم کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔