مزید خبریں

دوسرا ٹی ٹوئنٹی،نیشنل اسٹیڈیم شائقین سے بھر گیا ، سیکورٹی سخت

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کو اسکواڈ کا حصہ بنایاگیا۔ قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی ۔ جب کہ اسکواڈ میں محمد رضوان ،حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد اور خوشدل شاہ پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔ محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف،شاہنواز دھانی اور محمد حسنین بھی پلیئنگ الیون کا حصہ رہے۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ وکٹ تازہ نہیں لگ رہی، اس پر کریکس موجود ہیں جبکہ ہمارے پاس ٹیم میں تین اسپنرز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈاؤسن کی گلیسن کی جگہ پر ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اس وکٹ پر 150 سے 160 رنز کا ہدف قابلِ عبور ہوگا۔ساتھ میں انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں نسیم شاہ کی جگہ پر محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کپتان معین علی، فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ڈاؤڈ ملان، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، سیم کرن، ڈیوڈ وِلی، لیام ڈاؤسن، عادل رشید، لیوک ووڈ پر مشتمل ہے۔دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلے میچ کی طرح نیشنل اسٹیڈیم کراچی شائقین سے بھرا ہوا تھا۔ پویلین سے مداح مسلسل بابر اور رضوان کے لیے تہنیتی نعرے لگاتے رہے۔سکیورٹی اہلکاروں کے رویے میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی اور تماشائی ان سے نالاں رہے۔ پہلے میچ کے مقابلے میں اسٹیڈیم داخلے کے لئے شناختی کارڈ چیک کرنے کا تناسب زیادہ رہا۔ شہر کی مقتدر شخصیات نے بھی میچ دیکھا۔آ ئی سی سی کے جنرل مینیجر اور انگلش کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈم میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوئے۔