مزید خبریں

ٹریفک پولیس کی نااہلی، کرکٹ میچ کو شہریوں کیلیے عذاب بنادیا

کراچی (رپورٹ : خالد مخدومی )ٹریفک پولیس کی نااہلی نے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے کرکٹ میچ کو شہریوں کے لیے عذاب بنادیا،سڑکوں کی بندش کے بعد ٹریفک جام کی صورتحال سے بچنے کے لیے کوئی موثر حکمت عملی نہیں بنائی گئی، گرومندر ، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ اور شہر کے متعدد مقامات پرشدید ٹریفک جام ہوگیا، شہر کی اہم شاہراہوں پرکوئی ٹریفک پولیس کا اہلکار ٹریفک کی بحالی کے لیے کام کرتا نظرنہیں آیا،جمشید روڈ پر پھنسی ایک ایمبولینس میں موجود ایک مریض کی جان خطر ے میں پڑ گئی ، لوگ پیدل سفر کر نے پر مجبور ہوگئے،گاڑیوں میں پیٹرول ختم ، ٹریفک پولیس سڑکوں سے غائب ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلستان کے درمیان ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کو ٹریفک پولیس کی نااہلی اور غفلت نے شہریوں کے لیے بدترین عذاب میں تبدیل کردیا،جمعرات کو کاروباری اوقات کے اختتام پر شہر کے مرکزی تجارتی ،کاروباری اور صنعتی علاقوں سے اپنے گھروں کو رخ کرنے والے شہری شدید ٹریفک جام میں پھنس گئے ۔گرومندر ، لسبیلہ ، پیٹل پاڑہ،گلشن اقبال ،شاہراہ فیصل سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور ان کے اطراف کی تمام ذیلی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معطلی کی حد جام رہی، ٹریفک جام کی وجہ سے لوگ پیدل سفر کر نے پر مجبور ہوگئے جب کے کچھ گاڑیوں میں پیٹرول ختم ہوگیاان گاڑیوں کے مالکان مجبوراً اپنی گاڑیاں سڑکوں پر چھوڑ کر چلے گئے۔ ٹریفک جام کی وجہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا کرکٹ میچ تھا انتظامیہ کی جانب سے نیشنل اسٹڈیم کی اطراف کی سٹرکوں کو ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے بند کردیا تھا۔