مزید خبریں

بابر کی دھواں دار سنچری ،انگلینڈ کو 10وکٹوں سے شکست

کراچی (رپورٹ وزیرعلی قادری)پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے ناقابلِ تسخیر شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا اور بابر اعظم نے دھواں دار اننگز کے ساتھ فارم میں واپسی کی ہے۔بابر اعظم 110 اور رضوان 88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 2سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف 122 رنز کی اننگز 2021 میں کھیلی تھی۔بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ بابر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے کپتان بھی بن گئے، بحیثیت کپتان ان کی سنچریوں کی تعداد 10 ہے جبکہ انضمام الحق 9 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔دونوں ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی، پاکستان ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا جبکہ انگلش ٹیم میں رچرڈ گلیسن کی جگہ لیام ڈاؤسن کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا آغاز اچھا رہا، دنوں اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر ایلکس ہیلز 21 گیندوں پر 26 رنز بناکر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔انگلینڈ کو دوسرا نقصان 42 کے مجموعی اسکور پر ہی اٹھانا پڑا، ڈیوڈ ملان پہلی کی گیند پر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔پاکستان کو تیسری کامیابی فل سالٹ کی صورت میں ملی، وہ 27 گیندوں پر 30 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ بین ڈکٹ 43 اور ہیری بروک 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم اختتامی اوورز میں کپتان معین علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 199 تک پہنچایا، وہ 23 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین سب سے مہنگے بولرز ثابت ہوئے، انہوں نے4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیے۔بعد ازاںپاکستان نے بابر اور رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت 200 رنز کا پہاڑجیساہدف آخری اوور میں پورا کرلیا۔