مزید خبریں

محمد رضوان نے بابراعظم کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

انگلینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے 7 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز کے پہلے میچ میں پاکستان کوچھ وکٹ سے شکست ہوئی مگر یہ میچ پاکستان کے محمد رضوان کے لئے بے حد اہم میچ بن گیا۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے محمد رضوان نے اس میچ میں70 منٹ میں46 بالوں پر6 چوکوں اوردو چھکوں کی مدد سے68 رنز بنائے اور اپنی اس اننگ کے دوران میں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے دو ہزار رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ محمد رضوان نے اپنے 63ویں بین الاقوامی میچ کی52 ویں اننگ کے دوران اپنے دوہزار رن مکمل کیے اور اس قسم کے کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں ایسا کرنے والے اپنے ہم وطن بلے باز بابر اعظم کا عالمی ریکارڈ برابر کر نے میں کامیاب ہوئے۔ بابر اعظم نے25 اپریل 2021 کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں اپنی 52 رنز کی اننگ کے دوران اپنے دو ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ انگلینڈکے خلاف مانچسٹر میں7 ستمبر2016 کو ہوئے میچ سے اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریر کا آغاز کرنے والے بابر اعظم نے دو ہزار رنز مکمل کرنے میں چار سال اور 230 دن کا وقت لیا۔ انہوں نے54 میچوں کی52 اننگز میں بلے بازی کرنے کے بعد ایسا کیا تھا۔ انگلینڈ کے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کے اختتام تک پاکستان کے کپتان نے جو81 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی76 اننگز میں42.19 کی اوسط اور128.81 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور26 نصف سنچریو ں کی مدد سے2785 رنز بنائے ہیں وہ چار مرتبہ صفر کا شکار بھی ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور122 رنز ہے جو انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں14 اپریل2021 کو77 منٹ میں 59 بالوں پر15 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔اس میچ میں پاکستان نے نو وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
محمد رضوان نے اپنا پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میر پور، ڈھاکا میں24 اپریل2015 کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلا تھا اور انہوں نے دو ہزار رنز مکمل کرنے میں7 سال اور149دن کا وقت لیا۔ انگلینڈ کے خلاف میچ کے اختتام تک پاکستانی وکٹ کپبر نے جو63 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی52 اننگز میں51.56 کی اوسط اور127.68 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور17 نصف سنچریو ں کی مدد سے2011 رنز بنائے ہیں وہ تین مرتبہ صفر کا شکار بھی ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکورآئوٹ ہوئے بغیر104 رنز ہے جو انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں11 فروری 2021 کو102 منٹ میں 64 بالوں پرچھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔اس میچ میں پاکستان نے تین رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔محمد رضوان ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستان کے چوتھے اور کل ملاکر19 ویں بلے باز بنے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم کے علاوہ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ ( 119 میچوں کی 108اننگوں میں2514 رنز ) اور شعیب ملک ( 124 میچوں کی111 اننگو ں میں2435 رنز ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہزار سے زیادہ رنزبناچکے ہیں۔