مزید خبریں

اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ نوجوانوں کی قیادت کی ہے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب شمالی کے جنرل سیکرٹری سیدتصورحسین کاظمی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں لسانیت، فرقہ واریت و بے راہ روی پیدا کرکے طلبا کی صلاحیتوںکو ختم اور انہیں ناکارہ کیا جارہا ہے جو لمحہ فکر ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ قوم کو نوجوان قیادت فراہم کی ہے۔ حکومت طلباء کو تعلیمی سہولیات فراہم اور فیسوں میں کمی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلباء ڈویژن کے ارکان وکارکنان اورذمہ داران کے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ہونے والے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈویژنل ناظم حافظ امان اللہ صابراوردیگرذمہ داران بھی موجود تھے۔سیدتصورحسین کاظمی نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلباء کی خدمات ملک بھر کی طرح فیصل آباد کے تمام تعلیمی اداروں کے اہل طلباء کیلئے ہیں، ہم طلباء کی تعلیمی معاونت و رہنمائی کیساتھ ان کی ہر طرح مدد کرتے ہیں انہیں بے راہ روی سے بچاکر شاہراہ تعلیم پر گامزن کرتے ہیں طلباء کو بے مقصدیت، بے راہ روی، فحاشی و عریانی سے بچاکر انہیں تعلیم اور صرف تعلیم کی شاہراہ پر گامزن کرکے باعمل، باکردار، دیانت دار، ذمہ دار، تعلیم یافتہ فرد بنانا چاہتے ہیں تاکہ پورا معاشرہ تعلیم یافتہ ہوجائے۔ طلبا کو بے مقصدیت و بے راہ روی کی جانب دھکیل کرانہیں لسانیت و فرقہ واریت کی جانب گامزن کرنا ان کیساتھ دشمنی ہے اسلامی جمعیت طلباء ملک بھر میں طلباء کی مددو رہنمائی و دینی تربیت کرتی ہے طلباء عصری تعلیم کیساتھ دینی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہردور میں تعلیمی اداروں کے ماحول کو پرامن بنانے اور طلبا کی بہتر خطوط پر راہنماء کیلئے گرانقدر کردار ادا کیا ہے جمعیت نے افراد کی کردارسازی کیلئے بے پناہ کام کیا ہے نوجوانوں کو زندگی کا شعور دیا ہے طلبا کو درپیش مسا ئل کے حل کیلئے جمعیت ہمیشہ اپنا جاندار کردار ادا کیا ہے۔جمعیت ہمارا ہر اول دستہ ہے جو کہ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو دین کیساتھ ساتھ اخلاقیات اور باطل نظریات کا مقابلہ کر رہی ہے۔