مزید خبریں

پاک انگلینڈ سیریز ، سیکورٹی کے سخت انتظامات ،4ہزار اہلکار مامور

کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان اورانگلینڈ کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے حوالے سے سکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیاگیا،سکیورٹی پلان کے مطابق مجموعی طورپر 4000سے زائد پولیس اہلکارسکیورٹی پرماموررہے ۔ ترجمان ڈی آئی جی سکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق ایس ایس یو کے1000 کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز سمیت سکیورٹی ڈویژن کے2000، ٹریفک پولیس کے1537،سپیشل برانچ کے 356، ریپڈ رسپانس فورس کے 300 اہلکار ،پاک فوج و سندھ رینجرزکے جوان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم،کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گرائونڈز ، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے گئے۔ جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوزپرمشتمل سپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس(ایس ڈبلیو اے ٹی )ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہی اور اسٹیڈیم کے اطراف پیٹرولنگ پر بھی ماموررہی ۔ ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈاینڈکنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی گئی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی گئی۔اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے اور ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی رہی۔ سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں /شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گزشتہ روزسکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں نے دیگر قانون نافذ کرنے والے کیساتھ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران اور نیشنل اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کے سکیورٹی انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی ۔ دوسری طرف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران شائقین کا جوش وجذبہ عروج پر رہا۔ بابراعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ پر شائقین محفوظ ہوتے رہے۔ میچ شروع ہونے سے قبل گیٹ پر شائقین سے باجے لے لیے گئے۔ سخت سیکورٹی چیکنگ کے بعد شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی ۔ پہلے روز شہریوں نے اسٹیڈیم ہائوس فل کردیا تھا۔