مزید خبریں

کچرے سے بجلی تیار کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوچکا‘ زبیر چنہ

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) نے کچرے سے بجلی تیار کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ اس مقصد کے لیے2 بجلی گھروں کے اراضی کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے منیجنگ ڈائریکٹر زبیر چنہ نے ” جسارت ” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زبیر احمد چنہ کا کہنا تھا کہ کچرے سے2 انسیریشن پلانٹ پر60 سے70 میگاواٹ یومیہ بجلی تیار کی جا سکے گی۔ اس مقصد کے لیے جام چاکرو کی50 ایکٹر اراضی پر2 بجلی گھر نجی ادارے کے ذریعے بنائے جائیں گے۔ ایم ڈی زبیر چنہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ایس ایس ڈبلیو ایم بی صرف زمین اور کچرا نجی ادارے کو دے گی اور وہ بجلی تیار کرکے ’’کے الیکٹرک‘‘ یا حکومت کے نیشنل گرڈ کو فروخت کرے گا۔ اس مقصد کے لیے3 ہزار ٹن کچرا بجلی گھروں کو فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ ان دنوں5 ہزار سے ساڑھے5 ہزار ٹن کچرا جام چاکرو کی لینڈ فل سائڈ پہنچاتے ہیں، بجلی گھروں سے کچرا جل کر کم ہونا شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی کے یونٹ کے لیے ڈیزائن کا کام شروع کردیا گیا ہے ، یہ پروجیکٹ 2 سال میں مکمل کرلیا جائے گا۔