مزید خبریں

ٹنڈوآدم :الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 100 متاثرہ خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے جوہر آباد میں برسات سے متاثرہ 100 خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے جبکہ ٹنڈوآدم کوئٹہ دربار ہوٹل پر 150 خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع سانگھڑ کے صدر سید توحید احمد شاہ ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی کے ذمہ داران مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری، عبدالستار انصاری، سید عریف اللہ ، حاجی نور حسن، ڈاکٹر عبدالوحید شیخ ، حاجی رشید، عبدالرحمن، فیصل غفور، پروفیسر احمد بلال غوری، پروفیسر احمد جبران غوری، عدیل معروف، اشفاق احمد آرائیں بھی موجود تھے۔الخدمت فاؤنڈیشن ضلع سانگھڑ کے صدر سید توحید احمد شاہ، مشتاق احمد عادل اور عبدالغفور انصاری نے کہا کہ موجودہ حالات میں الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر کی طرح ٹنڈوآدم میں بھی اپنے وسائل کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے اپنی سرگرمیاں کررہی ہے اور متاثرین کی بحالی تک الخدمت فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس تو سارے وسائل ہیں وہ زبانی دعوے اور باتوں کے بجائے عملی طور پر متاثرین کی بھرپور مدد کرے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت اور بیرون ممالک سے بھی بڑے پیمانے پر امداد آرہی ہے لیکن وہ امداد تاحال تمام متاثرین کو نہیں مل سکی ۔انہوں نے ضلعی و مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ برسات سے متاثرہ علاقوں سے فوری پانی کی نکاسی کروائے ان علاقوں میں مچھر مار اسپرے کرایا جائے اور جن لوگوں کے گھرمتاثر ہوئے انہیں مالی معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔