مزید خبریں

وزیر اعلیٰ تبدیلی کی باتیں بے بنیاد ہیں ، وزیر بلدیات

سکھر(نمائندہ جسارت)سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے ڈھائی ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے،مراد علی شاہ ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے وہ بہتر انداز میں کام کررہے ہیں، سندھ میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی باتیں بے بنیاد اور سازشی پروپیگنڈا ہیں۔ سکھرمیں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلاب و بارش سے تباہ حال انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے کام کیا جارہاہے اور صرف جبکہ سکھر ضلع میں تو کام شروع بھی کردیا گیا ہے کیونکہ جہاںجہاں سے پانی نکل رہا ہے وہاں بحالی کا کام شروع کرتے جا رہے ہیں، سیلاب اور بارش کی آفت سے پورا سندھ متاثر ہوا ،پہلے ریسکیو کا کام کیا اب حکومت نے ریلیف کا کام شروع کیا ہے تاہم کچھ اضلاع میں پانی ہونے کے باوجود ریسکیو کا کام بھی چل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیشنل ہائی وے کی بحالی کا کام شروع کردیاگیاہے، مہران ہائی وے کا جو حصہ متاثر ہے اس کی بحالی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ادویات کی مصنوعی قلت پر کارروائیاں کی جارہی ہیں متاثرین کے لیے ادویات کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں،غیر ملکی امداد کو غلط پروپیگنڈے کے ذریعے روکنے کی سازش کی جا رہی ہے اس پر پی ٹی آئی والوں کو شرم آنی چاہیے بلکہ انہیں یہ باتیں چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی امداد میں ہمارا ہاتھ بٹانا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات ڈی سیز کو دینے کا مقصد متاثرین کی ایک ہی جگہ مدد کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے وہ سفید پوش لوگ بھی متاثر ہوئے جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے ان کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کیا جارہاہے تاکہ ان لوگوں تک بھی یہ امداد پہنچ سکے۔