مزید خبریں

حب ندی پل کا کام شروع نہ ہوسکا ، مسافر اذیت میں مبتلا

حب(نمائندہ جسارت) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی عدم توجہی سے کراچی ٹو کوئٹہ اور گوادر قومی شاہراہ حب ندی پل کا متبادل راستہ بنانے کا کام تاخیر کا شکار ہے جس کی وجہ سے شہری، مسافر اور مریض اذیت میں مبتلا ہیں۔تفصیلات کے مطابق حب ندی پل کا کام شروع نہ ہوسکا جس کے باعث حب کے عوام اور کوئٹہ، گوادر ٹو کراچی سفر کرنے والی مسافر کوچیں اذیت میں مبتلا ہیں ۔حب گردونواح میں حالیہ بارشوں اور حب ڈیم اسپیل وے اور گردونواح کے سیلاب ریلوں کی وجہ سے حب ندی پل کا درمیانہ حصہ بارش کے سیلابی ریلوں کی نظر ہو گیا تھا۔ بارشوں اور حب ڈیم اسپیل وے سے پانی آنے کا سلسلہ تھم چکا ہے، اس کے باوجود وفاقی محکمہ این ایچ اے حب ندی پل پر متبادل راستہ بنانے کا کام شروع کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کررہا ہے جس کی وجہ سے حب کے شہری اور کوئٹہ، گوادر ٹو کراچی مسافر سفر کرنے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں، حب ندی پل کا متبادل راستہ نہ ہونے اور بائی پاس کا لمبا روٹ اور تنگ سنگل ہونے کی وجہ سے ہر وقت ٹریفک جام رہتا ہے حب کے شہریوں تاجروں اور بالخصوص حب سے کراچی لے جانے والے مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔حب بائی پاس اندرون سندھ اور بلوچستان کو ملانے والی واحد شاہراہ ہے،حب ندی پل پر متبادل راستہ نہ ہونے اور بائی پاس پل سنگل ہونے کی وجہ سے ہر وقت ٹریفک جام رہتا ہے جس سے شہری اور مسافر اذیت میں مبتلا ہیں۔