مزید خبریں

ضلعی انتظامیہ بااثر آٹا مافیا کے سامنے بے بس ہو گئی،جماعت اسلامی

فیصل آباد(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرراناطہٰ خاں،جنرل سیکرٹری حافظ امان اللہ صابر،نائب امیر ڈاکٹر عبدالعلیم، فاروق بیگ،میاں اعجازحسین، رانا نذیر خاں،میاںعتیق الرحمن،حافظ احسان الہیٰ ظہیر اور دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میںکہاہے کہ فیصل آباد میں آٹا مافیا نے ایک مرتبہ پھر ضلع بھر میں گندم اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کر کے آٹے کے نرخوں میں اضافہ کر دیا شہر میں آٹا 125سے135فی کلو گرام فروخت ہونے لگا ضلعی انتظامیہ بااثر آٹا مافیا کے سامنے بے بس ہو گئی، جبکہ آٹے کے نرخوں میں اضافے سے عوام پریشان۔راناطہٰ خاںنے کہاکہ آٹے اور گندم مافیا نے ایک مرتبہ پھر سے گندم اور آٹے کا بحران پیدا کر کے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد شہر میں آٹا 135 روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہا ہے آٹا اور گندم مافیا کی من مانیوں اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی کے باعث آٹے کی قیمتیں ضلع میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیںجس کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں۔ حکومت کی جانب سے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کے باوجود محکمہ خوراک کے افسران نے گندم ذخیرہ کرنے والے بااثر افراد کے خلاف کارروائی کے بجائے چھوٹے چکی والوں کو اپنی کارروائی کا نشانہ بنایا اور بڑے تاجروں نے اپنی گندم مارکیٹوں سے غائب کر کے اب من مانی قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔ جماعت اسلامی کے ہنمائوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بارشوں اور سیلاب نے غریب لوگوں کو تباہ کر دیا ہے تو دوسری جانب آٹا مافیا اپنے زائد منافع کے لیے غریب لوگوں کو آٹے سے بھی محروم کر رہی ہے قدرتی آفت آنے کے باوجود منافع خور زائد منافع کی خاطر غریبوں کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے گوداموں سے گندم بر آمد کر کے سستے نرخوں پر مارکیٹوں میں فروخت کی جائے اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔