مزید خبریں

انگلینڈ کے خلاف سیریز ، قومی ٹیم کی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس

کراچی(سید وزیر علی قادری)انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے پاکستان ٹیم گزشتہ روز کراچی پہنچ گئی ،قومی اسکواڈ نے ہوٹل میں رپورٹ کرنے کے بعد ہفتے کی شام نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کی۔تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف 7ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوم سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں گزشتہ شب کراچی پہنچ گئی ،ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی کراچی پہنچ گئے، جب کہ قومی اسکواڈنے ہفتہ کی شام نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرکے خامیوں پر قابوبھی پایا۔ اس موقع پر بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ بھی موجود تھے جو کھلاڑیوں کو مختلف ٹپس بھی فراہم کرتے رہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17سال کے طویل عرصے بعد پاکستان آئی ہے، اس دورے کے دوران 7ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جائیں گے سیریز کا آغاز 20ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا۔دوسری طرف پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے، کراچی میں ہونے والے ابتدائی چار میچز کے وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹس بھی نایاب ہوچکے ہیں البتہ منگل جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے میچز کے کچھ ٹکٹس تاحال فروخت کے لیے دستیاب ہیں،مہمان ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی ٹکٹوں کے فروخت میں بھی تیزی آگئی ہے ، اتوار 25ستمبر کو ہونے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، آن لائن ٹکٹوں کی ویب پر چھٹی کے روز کے تمام ٹکٹس سولڈ آئوٹ بتائے جارہے ہیں ،اتوار کے علاوہ منگل ، جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے میچز کے بھی 1500روپے مالیت کے وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں جب کہ 250روپے والے جنرل انکلوژر کے ٹکٹس 70فیصد فروخت ہوچکے ہیں،500روپے والے فرسٹ کلاس اور 750روپے والے پریمیئم انکلوژر کے ٹکٹس تاحال فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔