مزید خبریں

متحدہ نے مہاجروں کوصرف لاشیں دیں ہیں‘مصطفی کمال

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ 525 لاپتہ مہاجر نوجوانوں کو زندہ سلامت انکے خاندانوں کے حوالے کرنے والی پی ایس پی کو ڈرائی کلین مشین قرار دینے والی ایم کیو ایم نے مہاجروں کو صرف ڈیڈ باڈیز دیں ہیں اور آج بھی مہاجر نوجوانوں کی تشدد زدہ لاشوں پر سیاست کرنے سے باز نہیں آرہے ہیں۔ ایم کیو ایم والے کیسے مہاجر رہنما ہیں جنہیں مہاجر نوجوان زندہ سلامت واپس آتے برے لگ رہے تھے اور اب مہاجر لاشوں پر سیاست کررہے ہیں، ایم کیو ایم کے نام نہاد رہنما اگر ذاتی مفادات کو چھوڑ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوتے تو ایک بھی مہاجر نوجوان کی لاش ایسے نہیں ملتی۔ ہمارا بدترین دشمن بھی ہمارے لوگوں کو واپس لا کر دے تو میں اس کا شکریہ ادا کروں گا، 525 لاپتہ افراد میں سب سے پہلا شخص جو بازیاب ہوا وہ ندیم تھے۔ جنہیں پاک سرزمین پارٹی کا نظریہ پھیلانے کی پاداش میں ٹارگٹ کلنگ کر کے شہید کیا گیا اور اس قتل پر الطاف حسین کی شاباشی کی آڈیوز قاتلوں کے موبائل سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملیں جو الیکٹرانک میڈیا پر چلائی بھی گئیں۔