مزید خبریں

الخدمت کراچی کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس

کراچی( پ ر)الخدمت کراچی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگادیے۔ سیلاب کی آمد کے بعد سے اب تک 11ہزار سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا جا چکا ہے۔کیمپ میں معائنے کے لیے آنے والوں میں خواتین ،بچے ،مرد اوربزرگ شامل ہیں، میڈیکل کیمپس میںپاکستان اسلامی میڈیکل ایسوسی ایشن ( پیما )کے تعاون سے ڈاکٹرز کی بڑی ٹیم متاثرین کا معائنہ کر رہی ہے۔ الخدمت کی جانب سے ملیر ،گھارو،ٹھٹھہ، سکرنڈ، کیماڑی ،گڈاپ سمیت دیگر علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگا ئے گئے ہیں۔کیمپوں میں متاثرین کے چیک اپ کے ساتھ انہیں ڈاکٹرز کی جانب سے تجویز کردہ دوائیں بھی دی جا رہی ہیں، جبکہ ڈاکٹرانہیں امراض سے بچنے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدا بیر اور مفید شورے بھی دے رہے ہیں۔ ادھر چیف ایگز یکٹو الخد مت نوید علی بیگ کا کہنا ہے کہ الخدمت جہاں ان متاثرین کو سامان اور نقد رقوم کی صورت میں مدد پہنچا رہی ہے۔وہاں الخدمت کے لیے متاثرین کے صحت کے معاملات بھی اہم ہیں۔ سیلاب کے بعد سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو امراض کا سامنا ہے ،صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ سیلابی پانے پینے پر مجبور ہیں جس سے ،پیٹ ،ملیریا ،جلد اوردیگرامراض جنم لے رہے ہیں۔ بچے اورخواتین غذائی ضروریات کے فقدان کے ساتھ خون کی کمی کا بھی شکار ہیں، انہیں فوڈسپلیمنٹ اور خون کی کمی پورا کرنے والی دواؤں کی بھی ضرورت ہے۔ مچھر مکھیوں کی افزائش سے انہیں نئے مسائل کا سامنا ہے۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ متاثرین کو بڑی مقدار میں دواؤں کی ضرورت ہے۔ الخدمت نے دواسازکمپنیوں کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں دوائیں بھی پہنچائیں ہیں تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔