مزید خبریں

مہنگائی ،بیروزگاری ک وجہ سے وارداتوں میں اضافہ ہوا،کراچی پولیس چیف

کراچی (کامرس رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگار ی کے باعث شہر میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جس کے سبب شہر میںسرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے‘سو شل میڈیا پر اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی واردتوں سے متعلق وڈیوز جعلی ہیں کیونکہ شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کنٹرول میں ہے‘ عوام غیر تصدیق شدہ مواد کو پھیلانے سے گریز کریں۔ جمعے کو کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میںجرائم پر شور زیادہ کیا جاتا ہے‘ لاہور اور دیگر شہروںمیں بھی جرائم ہوتے ہیں‘ جب لوگوںکو نوکریوں سے نکالا جائے گا تو ان میںسے چند افراد جرائم کی جانب مائل ہوجاتے ہیں‘ تاجر و صنعتکار پولیس کی عزت نہیںکرتے اور انہیں ہر وقت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔دوسری جانب کراچی
چیمبر نے پولیس کی کارکردگی کو صفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور لوٹ مار میںاضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی چیمبر کے صدر محمد ادریس نے کہا کہ جرائم میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے اور تھانوں سے اسلحہ کرائے پر ملنے کی بھی اطلاعات ہیں‘ سندھ کا 95 فیصد ریونیو کراچی سے آتا ہے‘یہاں 200 سے زاید ملٹی نیشنل کمپنیاں کام کر رہی ہیں،مگر شہر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے‘ صنعتی علاقوںمیںلوٹ مار اور چھینا جھپٹی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں، ایس ایچ اوز کی باز پرس کی جائے اور جرائم پر ان کا محاسبہ کیا جائے۔ روٹری کلب آف کراچی نیکسز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈ یشنل آئی جی سندھ پولیس جاوید اوڈھو نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے نظام سے عوام اور پولیس کے درمیان دوریاں ختم ہو جائیں گی ‘ سندھ پولیس آباد کے ممبران کے تعاون سے کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ماڈرن تھانے کا قیام عمل میں لا رہی ہے جہاں نوجوانوں کے ساتھ مل کر عوام اور پولیس کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر روٹری کلب آف کراچی نیکسز کے پریذیڈینٹ سید خرم انیس اور آئی پی پی ایم علی حیدر نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ سڑک پر کسی بھی زخمی کو اسپتال پہنچانے والے شہری کو کیس میں زبردستی گواہ نہیں بنایا جائے گا بلکہ اسے انعام سے نوازا جائے گا‘ تفتیش کے خوف کی وجہ سے زخمی کو بروقت اسپتال منتقل نہیں کیا جاتا‘ بعض دفعہ ایسی صورتحال میں زخمی شخص کی جان بھی چلی جاتی ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو تحریری طور پر ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف جرأت مندانہ اقدامات اور جرائم سے متعلق تفصیلات پولیس سے شیئر کرنے پر شہریوں کو ناصرف سراہا جائے گا بلکہ انہیں نقد انعامات کے ساتھ ساتھ تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔ غلام نبی میمن نے کہا کہ شہر میں نصب تمام نجی سی سی ٹی وی کیمروں کو باقاعدہ مددگار 15 سسٹم سے منسلک کرنا زیر غور ہے اور جلد ہی اس اقدام پر عمل درآمد کردیا جائے گا۔