مزید خبریں

وزیراعلیٰ سندھ کی شہباز بلڈنگ آمد، ریونیو ملازمین کا احتجاج

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی شہباز بلڈنگ آمد پر محکمہ ریونیو کے ملازمین نے اپنے جائز مطالبات کی حمایت میں ریلی نکالی اور احتجاج کیا ،جس پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو شہباز ہال میں وزیراعلیٰ کی میٹنگ چھوڑکر آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید سردار علی شاہ کے پاس پہنچے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔ جس پر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید سردارعلی شاہ نے کہاکہ ہم اپنی ریلی ختم کررہے ہیں لیکن اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ اس سے قبل آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید سردارعلی شاہ نے احتجاجی کیمپ میںموجود ریونیو کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریونیو ملازمین اور افسران 24گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں اس کے باوجود ان کو کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے،نہ ان کی سیکورٹی کا کوئی انتظام ہے ، انہوں نے کہاکہ افسوس کہ ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت بھی پورے سندھ میں ریونیو ملازمین اور افسران ایمرجنسی سیلاب ریلیف کی ڈیوٹیاں دے رہے ہیں جس کے دوران سندھ کے کئی اضلاع اور تعلقہ میں ریونیو افسران و ملازمین پرحملے بھی کیے گئے ہیں جن میں سول سوسائٹی کے لوگ ، جعلی صحافیوں او روکلاء کے روپ میں لوگوں نے حملے کیے ۔