مزید خبریں

صنعتی اداروں کا کچرا ٹھکانے لگانے کا منصوبہ التواکاشکار

کراچی (رپورٹ‘محمدانور) کراچی کے صنعتی اداروں سے کچرا اٹھاکر ٹھکانے لگانے کا منصوبہ مبینہ طور پر صنعت کاروں کے عدم تعاون کی وجہ سے التوا میں پڑگیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صنعتی اداروں نے اس ضمن میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو فوری طور پر صنعتوں، کارخانوں اور فیکٹریوں تک رسائی دینے سے انکار کردیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے صنعتی علاقوں سے پیدا ہونے والے کوڑا کرکٹ اور فضلے کی درست مقدار کا بھی علم نہیں ہو پا رہا اور نہ ہی شہر کو صنعتی کچرے سے پاک کرنے کے منصوبے پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جن صنعتوں کی جانب سے اس سلسلے میں تعاون نہیں کیا جا رہا انہیں اخبارات کے اشتہارات کے ذریعے تنبیہ نوٹس دیے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ صنعتی علاقوں کو گندگی غلاظت سے پاک کرنے کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے جاری سوئپ پروجیکٹ پر بھی کام ہو رہا ہے۔