مزید خبریں

آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی پر حکومت کیوں خاموش ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مہنگائی کا رونا رونے والی جماعتیں اب آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی پر کیوں خاموش ہیں۔ آج پورے ملک کے عوام مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہوکر ذہنی اور مالی مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں ۔ غریب افراد کے گھروںکے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں، روزمرہ کے استعمال کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔ بیروزگاری، مہنگائی، بھوک و افلاس میں اس قدر اضافہ ہوچکا ہے کہ ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ آٹا ، چینی، گھی، تیل، دالیں، چکن، سبزیاں ، چاول اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہیں۔ غریب افراد جوکہ پہلے ہی اس حکومت سے اس قدر بیزار اور نالاں ہیں کہ وہ اسے چند ہی گھنٹوں کیلیے بھی برداشت کرنے کو تیا رنہیں ہیں کیونکہ اس امپورٹڈ حکومت نے آئی ایم ایف اور اپنے غیرملکی آقاؤںکو خوش کرنے کیلیے غریب عوام پر جو ٹیکسوں کی بھرمار کی ہے اس سے غریب افراد کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ لوگ خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ جو پاکستان کے عوام کے بجائے آئی ایم ایف کے ملازم معلوم ہوتے ہیں ہر آنے والے دن کے ساتھ بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوںمیں اضافے کے علاوہ بے پناہ ٹیکسوں کی بھرمارکر کے عوام کا جینا دوبھر کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کے عوام ایک بار پھر پی ٹی آئی کی حکومت کو یاد کررہے ہیں جب ملک میں معاشی استحکام تھا اور عوام یقین کی زندگی گزار رہے تھے۔