مزید خبریں

سندھ کے تمام ہوٹل مالکان کو سبسڈی دینے کا مطالبہ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل حیدرآباد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نے صوبہ سندھ کے ہزاروں ہوٹل مالکان کو بھی سیلاب سے متاثر قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے تمام ہوٹل مالکان کو سبسڈی دی جائے۔ ٹیکس، بجلی اور گیس کی صورت میں بل معاف کیے جائیں۔اس حوالے سے ہوٹل یونین کے صدر نواب خان، سینئر نائب صدر حاجی امیر الرحمن، جنرل سیکرٹری غلام سرور اور دیگر نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بارشوں سے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں پورا سندھ متاثر ہوا ہے جن میںسندھ کے ہزاروں ہوٹل مالکان بھی شامل ہے ، جن کے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں، ہوٹل مالکان اور مزدور بے روزگار ہیں، حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں ہوٹل مالکان اور مزدوروں کی کسی نے مدد نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل مالکان حکومت کو ہر قسم کے ٹیکس ادا کرتے ہیں، اب حکومت کا فرض ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد کرے لہٰذا سندھ کے تمام ہوٹل مالکان کو سبسڈی دی جائے۔ ٹیکس، بجلی اور گیس کی صورت میں بل معاف کیے جائیں۔