مزید خبریں

ڈگری روڈ پر بیٹھے متاثرین کا الخدمت کے رضاکاروں پرحملہ

ڈگری(نمائندہ جسارت) ڈگری سب ڈویژن میں الخدمت فائونڈیشن کے جی ایم کے امدادی سامان کو الخدمت آئی اسپتال ڈگری روڈ کے سامنے بیٹھے متاثرین کی خواتین نے لوٹنے کی کوشش کی۔الخدمت کے رضا کاروں پر حملہ کیا گیا اور کافی سامان لوٹ کر پیچھے موجود اپنے گھروں میں چھپا لیا گیا۔ الخدمت فائونڈیشن کے رہنمائوں نے مقامی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس سے گزارش کی ہے کہ سڑک کنارے بیٹھے ان گھرانوں کو مین راستوں سے فوری ہٹایا جائے۔ اول توجن گھرانوں سے برساتی و سیلابی پانی نکل چکا ہے انہیں واپس ان کے گھروں پر بھیجا جائے۔ اور جن کے گھر ابھی بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ انہیں بھی مین شاہراہوں سے ہٹاکر کسی محفوظ مقامات پرٹینٹ سٹی میں منتقل کیا جائے۔اس طرح اگر لوٹ مار کی جاتی رہی تو سماجی تنظیمیں ریلیف کے کام سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوں گی جس سے حکومت اور متاثرین دونوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈگری میں فلڈ ریلیف پروگرام کے انچارج محمد یاسین گجر نے بتایا کہ الخدمت فائونڈیشن کے تحت ملک بھر کے سیلاب زدہ علاقوں میں اب تک 43 امدادی کشتیوں کے ذریعے54,500 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔467 میڈیکل کیمپس اور 4 موبائل ہاسپٹلز کے ذریعے 148,970 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔49,780 ہائی جین کٹس اور 60 ہزار مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں ہیں۔697 ٹرک سامان پہنچایا گیا ہے۔ 39 خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں۔ 47,934 خیمے اور ترپال تقسیم کیے گئے ہیں۔ 17 خیمہ اسکولز کھولے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر 112,600 افراد کو صاف پانی اور 70,200 افراد کو تیار کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔