مزید خبریں

قاتل مختار کار کا تقرر منسوخ کیا جائے، سومرو برادری

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد میں 11 مہینے قبل مبینہ قتل ہونے والے مزدور عثمان سومرو کے قتل کیس میں انصاف نہ ملنے اور قتل میں ملوث اہم ملزم سابق مختارکار ماجد خاصخیلی کا تقرر منسوخ نہ کیے جانے کے خلاف مقتول کے ورثاء نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے جمعرات کے روز بھی احتجاج کرتے ہوئے علامتی بھوک ہڑتال جاری رکھی ۔اس موقع پر ہارون سومرو،رشید سومرو، احمد سومرواور طیب سومرو سمیت دیگر نے کہا کہ مزدور عثمان سومرو کو 15 اکتوبر 2021 ء کے روز قتل کیا گیا تھا جس کے قاتل قاسم آباد کے سابق مختارکار ماجد خاصخیلی اور اس کا بھائی واجد خاصخیلی ہیں جو اب تک آزاد ہیں اور سابق مختارکار ماجد خاصخیلی کا ضلع مٹیاری میں تقرر کرنا مقتول کے ورثاء کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ، مقتول کے ورثاء جیل کاٹنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے بتا یاکہ مزدور عثمان سومرو کے قتل کیس کے انکوائری آفیسرسراج لاشاری نے کئی ماہ قبل ملزم کے بھائیوں کو ایک مہینے کا اسٹے آرڈر دیا جو اب تک ختم نہیں ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انکوائری آفیسر پر اعتبار نہیں رہا اس لیے فوری انکوائری آفیسر تبدیل کر کے نئی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ قاتل مختارکار ماجد خاصخیلی کا تقرر فوری منسوخ کرکے گرفتار کیا جائے اور سومرو برادری کے 16افراد کے خلاف درج جھوٹے کیس ختم کرکے انصاف فراہم کیا جائے دوسری صورت میں احتجاج جاری رہے گا ۔