مزید خبریں

سانگھڑ ،بیماریوں نے پنجے گاڑھ لئے ،جلدی امراض پھوٹ پڑے

سانگھڑ( نمائندہ جسارت ) بارش متاثرین میں بیماریوں نے پنجے گاڑھ لیے، بچے بڑے جلدی امراض، گیسڑو، الرجی ملیریااور سینے کے امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں. دن میں شدید گرمی تپش اور رات کو انتہائی زہریلے مچھر و کیڑے مکوڑوں نے خلق کی زندگی مشکل میں ڈال رکھی ہے، برساتی و سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ ضلع کے چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ملنے والی ادویات و سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ لوگوں کو مفت میں علاج معالجہ و ادویات مہیا کرنے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ،الخدمت فاؤنڈیشن سمیت دیگر سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات دور دراز سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے علاقوں میں اپنی مدد آپ کے تحت مفت میڈیکل کیمپ لگا کر لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بارش متاثرین کو پینے کا صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے پیٹ کے مختلف امراض نے جکڑا ہوا ہے، اس پریشان کن حالات میں بارش متاثرین کو خوراک،ادویات، مچھر دانیوں سمیت پینے کے لیے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے جبکہ سانگھڑ وگردونواح میں صاف منرل واٹر فروخت کرنے والوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منرل واٹر کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا ہے اور لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی موبائل میڈیکل ٹیموں کی جانب سے سانگھڑ میں وسیع پیمانے پر میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔اس ضمن میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ضلع سانگھڑ کے نگراں قاری سید شاہ نواز بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے 19 اگست سے ضلع سانگھڑ میں تاحال ریلیف کا کام جاری ہے اور بارش متاثرین کی مدد کے لیے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خوراک، ادویات، کھانا،پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ روزانہ 15 ہزار لوگوں کو پکا ہوا کھانا دیا جارہا ہے۔ فلڈ والے علاقوں سے سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے دو کشتیاں مصروف عمل ہیں۔سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے سانگھڑ شہر میں تین مقامات پر سیلانی دسترخوان سے سیکڑوں غریب و سفید لوگ باعزت طریقے سے کھانا کھاتے ہیں۔