مزید خبریں

ٹھٹھہ ،ملاح برادری چلیا کے قریب بے یارومددگار پڑے ہیں

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت) دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں نقل مکانی کے بعد سیلاب سے متاثرہ ملاح برادری کے متعدد مکین چلیا کے قریب سوہنی لٹھ پر بے بس ہو کر بیٹھے ہیں، سرکاری سطح پر خیموں اور راشن سمیت کوئی بھی سہولت یا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سماجی رہنما شعیب حبیب میمن، رشید جاکھرو کے ہمراہ حقیقی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بے بس سیلاب متاثرین کے پاس پہنچ گئے۔سماجی رہنما شعیب حبیب میمن کا کہنا تھا کہ جلد ہی سیلاب سے متاثرہ ملاح برادری کو خیمے اور راشن فراہم کیا جائے گا۔ تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی موسلا دھار بارش کے بعد دریائے سندھ میں سیلاب نے لوگوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے اس کا ازالہ ناممکن ہے تاہم جو لوگ مصیبت میں ہیں ان کی مدد کرنا ہر فرد کی ذمے داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ سمیت سرہندی کے عوام بے گھر افراد کی مدد کے لیے دل کھول کر مدد کریں۔ شعیب حبیب میمن نے کہا کہ ہم نے اب تک کئی متاثرہ افراد کی مدد کی ہے جو ان کی مکمل صحت یابی تک جاری رہے گی۔متاثرین احمد ملاح، علی محمد ملاح، گل حسن ملاح، محمد ملاح نے کہا کہ سرکاری سطح پر کوئی ان کی مدد کرنے والا نہیں، ان کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں، لیکن ہمیں حکمران نظر نہیں آتے، راشن، مچھر دانی، صحت کی سہولیات والی جگہیں، بستر، برتن فراہم کیے جائیں اور پریشانی سے بچایا جائے۔