مزید خبریں

حکومت کا مہنگائی پر قابوپانے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو لوٹنے کا نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے سلیب سہولت کو ختم کرنا قابل مذمت ہے۔ سلیب ختم ہونے سے صارفین پر بجلی کے آخری یونٹ والا ریٹ لاگو کیا جائے گا۔ جتنی محنت کر کے حکومت اور ادارے عوام کو لوٹنے کے پروگرام بناتے ہیں،ا گر اتنی ہی محنت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ایجنڈے پر کریں تو لوگوں کی زندگی آسان ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔روپے کے مقابلے میں ڈالر 232روپے کاہوچکا ہے۔بیرونی قرضوں میں 1400ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔حکومت کا معاشی استحکام اور مہنگائی پر قابو پانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ غریب عوام کی زندگی عملاً عذاب بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی گھمبیر صورتحال سے ملک کے اندر مہنگائی کاطوفان امڈ آیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کا جینا بھی محال ہوچکا ہے۔ ضروریات زندگی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ، معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ بے پناہ قدرتی وسائل اور افرادی قوت کے باوجود ہم مقروض ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگست میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 207ارب بھجوائے اور آئی ایم ایف سے قرض کی قسط ملنے کے باوجود ڈالر کی قیمت میں مسلسل بڑھوتری حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے۔