مزید خبریں

پیپلزبس سروس کاآرٹی ایس تاحال فعال نہیں ہوسکا

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام، 24 اگست سے پیپلز بس سروس میں آر ٹی ایس لگانے کے اعلان کو 14روز گزرنے کے بعد بھی تاحال شہر کے تمام روٹس پر چلنے والی پیپلزبس سروس کی بسوں میں ٹریکنگ کے لیے آر ٹی ایس نہیں لگائے جا سکے ہے۔ 4 جولائی کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی تھی کہ آرٹی ایس 25 اگست تک لگ جانا چاہیے۔تاہم7ستمبر تک بھی بسوں میںٹریکنگ کے لیے آر ٹی ایس، بس سروس کی ایپ ،بس میں وائی فائی، پیپلز بس سروس میںکمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور سی سی ٹی وی کیمرے فعال نہیں کیے جاسکے ہیں۔پیپلز بس سروس اعلان کردہ سہولتوں سے تاحال محروم ہے۔جب کہ افتتاحی تقریب میں اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ بسوں میں یہ تمام سہولت موجود ہوگی۔ تاہم یہ سروس بسوں میں موجود نہ ہونے پر عوام کو شدید مایوسی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پیپلزبس سروس کے لیے مخصوص بس اسٹاپ بھی نہیں بنائے گئے ہیں ہر اسٹاپ سے قبل بس میں باقاعدہ کوئی اعلان نہیں ہوتا ہے جس سے مسافروں کو آسانی سے پتا لگ سکے کہ کون سا اسٹاپ آگیا ہے۔ جس سے بچوں، ضعیف العمر اور اجنبیوںکو آسانی ہو سکتی ہے۔ پیپلزبس سروس میں ابھی تک مسافروں کے لیے ای ٹکٹنگ کا نظام بھی متعارف نہیں کرایا گیا ہے مخصوص بس اسٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے بار بار بس کے رکنے کی وجہ سے بس انتہائی سست روی کا شکار رہتی ہے جب کہ پیپلزبس سروس میں طلبہ اور بزرگوں کے لیے رعایتی ٹکٹ کی سہولت میسر نہیں ہے۔پیپلز بس سروس (ریڈ بسوں) کو چلانے والی سندھ ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ترجمان امبرین فاطمہ سے رابط کیا تو انہوں نے اس حوالے سے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیا ر کیا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سمیت ٹرانسپورٹ کی صوبائی انتظامیہ سندھ میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے مصروف ہے اس وجہ سے بسوں میں آر ٹی ایس لگانے میں تاخیر ہورہی ہے جلد ہی پیپلزبس سروس کیمسافروں کو تمام سہولت میسر آئے گی ۔