مزید خبریں

پاکستان کیلیے ہانگ کانگ آسان حریف نہیں ہوگا

بھارت کے خلاف پہلے میچ میں 5وکٹ کی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ایشیا کپ 2022 میں اپنا دوسرا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی جوآج شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ابھی تک تین یک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں مگر کوئی ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ نہیں ہوا ہے۔ ہانگ کانگ نے کوالی فائنگ رائونڈ میں شاندار کارکردگی کے بعد مین رائونڈ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔ اس نے کوالی فائنگ رائونڈ میں تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے مین ایشیا کپ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ہانگ کانگ نے کوالی فائنگ رائونڈ میں پہلا میچ سنگا پور کے خلاف کھیلا تھا جس میں اس نے 8 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔ ہانگ کانگ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر148 رنز بنائے تھے۔ سنگاپور نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر140 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے 8 رن سے شکست ہوئی تھی۔کویت کے خلاف ہانگ کانگ نے دوسرا میچ کھیلا تھا جس میں وہ 8 وکٹ سے فاتح رہی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کویت نے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ پر 151 رنز بنائے تھے۔ ہانگ کانگ نے17.4 اوور میں دو وکٹ پر153 رنز بناکر جیت حاصل کی تھی۔متحدہ عرب امارات کے خلاف آخری لیگ میچ میں ہانگ کانگ نے 8 وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سبھی کھلاڑی 9.3 1اوور147 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔ ہانگ کانگ نے 19 اوور میں دو وکٹ پر149 رنز بنائے تھے اور میچ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ میں کھیلنے کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا۔
ہانگ کانگ نے اس ایشیا کپ میں پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میچ میں بھارت نے40 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اگر ہارون ارشد کے اوور میں سوریہ کمار یادو 26 رن نہیں بناتے تو یہ میچ کافی سنسنی خیر ہوسکتا تھا۔ ہانگ کانگ کے بالروں نیبھارت کو پہلے دس اوور میں ایک وکٹ پر 70 رن بنانے دیے تھے اور خود پہلے دس اوور میں دو وکٹ پر 65 رن بنائے تھے۔ہانگ کانک کے کھلاڑیوں کی ناتجربہ کاری انکی شکست کا سبب بنی تھی۔ تیز بالر ہارون ارشد نے اپنے تین اوور میں53 رن دیے۔ انہوں نے اننگ کا آخری اوور بھی کرایا جس میں سوریہ کمار یادو نے چار چھکوں سمت 26رنذ بنائے۔ ہانگ کانگ کا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کی رینکنگ میں بیسوان نمبر ہے۔ اس نے ابھی تک جو53 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں21 میچوں میں اسے کامیابی ملی ہے اور32میچوں میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی رینکنگ میں پہلاتیسرا مقام حاصل ہے۔ اس نے ابھی تک جو191 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں117 میچوں میں اسے کامیابی ملی ہے اور66 میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ پاکستان کے تین میچ ٹائی رہے ہیں جبکہ پانچ میچ نامکمل رہے ہیں۔
ہانگ کانگ پاکستان کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے والی 19ویں ٹیم بنے گی۔