مزید خبریں

جیکب آباد، پانی کی بندش کیخلاف شہریوں کا شدید احتجاج

 

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں جے یو آئی کارکنان کا پانی کی بندش ،گندگی اور ٹف ٹائل کے ناقص کام کے خلاف ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا سخت نعرے بازی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام کی جانب سے شہر کے بنیادی مسائل 2ارب کی میٹھے پانی کی اسکیم مکمل ہونے کے باوجودشہریوں کو صاف پانی کی عدم فراہمی، ٹف ٹائلس ،گیس ،روڈز اور دیگر ترقیاتی کاموں میں گھپلوں اور ناقص کام سمیت گندگی کے خلاف ضلعی امیر ڈاکٹر ای جی انصاری،مولانا عبدالجبار رند ،چاکر خان جکھرانی ،،عبداللہ عباس، تاج امروٹی اور دیگر کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرے دفتر جے یو آئی جیکب آباد سے نکالا گیا،مظاہرے میں شریک شہریوں اور کارکنوں کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر پانی دو پانی دو، میگا اسکیموں میں ناقص کام نامنظور، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی عدم سہولیات نامنظور اور گندگی ختم کرو جیسے نعرے درج تھے۔مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے شہر اہم ڈی سی چوک اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور روڈ بلاک کردیا۔بعد ازاں ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیا گیا۔اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب میں کہا کہ جیکب آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے 44 ارب روپے ہڑپ کیے گئے ہیں کام صرف کاغذوں میں ہوا ہے، صاف اور میٹھے پانی کا 2ارب کا منصوبہ مکمل ہونے کے باوجودشہریوں کو پانی کے لیے ترسایا جارہا ہے جو پانی واٹر سپلائی سے فراہم کیا جا رہا ہے اتنا آلودہ ہے کہ وضو کرنے کے بھی قابل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے روڈز، نالیوں اور گیس کی میگا اسکیموں کا ناقص کام ہورہا ہے لیکن کوئی نگرانی نہیں کر رہا، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات کی عدم دستیابی افسوسناک ہے شہر میں گندگی کے ڈھیر لگے پڑے ہیں، حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے بارش سے شہر ڈوب گیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گیے تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔