مزید خبریں

سکھر:پریم یونین کی وزیر ریلوے سے تنخواہوں کی ادائیگی کی اپیل

 

سکھر( نمائندہ جسارت)ریلوے پریم یونین سی بی اے نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ریلوے ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کی پنشنرز کو مقررہ تاریخوں پر ادائیگی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے۔ پریم یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو اور ریلوے پریم یونین سی بی اے کراچی ڈویژن و دیگر عہدیدران نے ایک خط میں وفاقی وزیر ریلوے کو مخاطب کرتے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے آپ ممتاز مزدور رہنما جناب خواجہ محمد رفیق شہید کے فرزند ہیں،جنہوں نے مزدور حقوق کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہر لاہور میں بہت بڑے مزدوروں کے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے سینے پر گولی کھا کر جام شہادت نوش کیا تھا، آپ کے پہلے دور وزارت میں آپ نے ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ ریلوے کی بہتری کے لیے شب و روز محنت کی ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ریلوے ملازمین نے بھی قائد پریم حافظ سلمان بٹ مرحوم کی ہدایات پر آپ کے شانہ بشانہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ بھرپور محنت کی تھی، ریلوے ملازمین کی آپ کے ساتھ بے پناہ توقعات وابستہ ہیں،ریلوے ملازمین قلیل تنخواہوں کی وجہ سے پریشان کن حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، سابق حکومت میں تنخواہوں کی ادائیگی کا خراب شیڈول اب تک درست نہ ہو سکا ۔