مزید خبریں

سرکاری محکموں کی لاپروائی سے شہریوں کا نقصان ہوچکا،آصف خانزادہ

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)مسلسل بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیںاور شہر کا ہر علاقہ تالاب کا منظرپیش کررہاہے لیکن ارباب اختیار اس جانب قطعی توجہ نہیں دے رہے ،گلیوں محلوں میں پانی بھرجانے سے گندگی اور کیچڑ پھیل رہی ہے جو گاہے بہ گاہے بارشوں کے باعث گھروں میں داخل ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پر یس کلب ٹنڈوالہیار کے صدر آصف رضا خانزادہ نے اپنے پر یس بیان میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری محکموں کی لاپروائی اور غفلت کے باعث شہریوں کا بڑا نقصان ہوچکاہے اور محکمۂ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ کئی دنوں تک بارشیں برستی رہیں گی،ہوناتو یہ چاہیے تھاکہ حکومت کی جانب سے ہنگامی اقدامات کے جاتے لیکن سرکاری اداروں کے ذمہ داران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں ،کوئی پرسان حال نہیں ہے۔بارشوں کے پانی میں حشرات الارض بڑی تیزی سے پیداہورہے ہیں مچھروں کی بہتات ہوچکی ہے جن سے متعدی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ کسی بڑے نقصان سے پہلے بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی سے بچاجاسکے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ شہر کے گلی محلوں اور اطراف کے نشیبی علاقوں سے بارشوں کے پانی کی نکاسی کا فوری انتظام کیاجائے۔