مزید خبریں

کندھکوٹ: کئی مکانات منہدم،راستے نالوں کی شکل اختیارکر گئے

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)کندھکوٹ اور گردنواح کے چھوٹے بڑے شہروں اور مضافاتی گائوں میں بھی بارش کی تباہی جاری،ہرطرف جل تھل ہوگیا۔ گھروں میں برساتی اور گٹروں کا پانی داخل ہونے سے کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ بجلی، گیس اور نیٹ ورک نے کام کرنا چھوڑدیا،راستے نالوں کی شکل اختیارکر گئے۔ اس موقع پر شہریوںکا کہنا تھا کہ شہر کا کوئی وارث نہیں، بجلی کے بحران کی وجہ سے گرمی اور حبس سے بچے اور بزرگ سانس کی بیماریوں میں مبتلاہو گئے ہیں، کسان کا کہنا تھاکہ دیہاتوں میں نہری پانی دیر سے آنے کی وجہ سے دھان کی فصل کی بووائی کافی دیر سے کی گئی ہے جسے برسات کے پانی نے تباہ کر دیا ہے جبکہ مزدوروں کا کہنا ہے کہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کے گھروں میں بھوک اور افلاس نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، سول اسپتال میں کوئی سہولت نہیں جس کی وجہ سے کافی بیماریاں پھیل رہی ہیں، کس کے پاس جائیں، کس کو فریاد کریں؟ کوئی پرساں حال نہیں، ووٹ حاصل کرکے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے ،ٹی ایم او کو تعینات ہوئے 10 سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا لیکن شہر کی صفائی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ شہریوں نے وزیر صحت، سی ایم او اور عدالت سے گزارش کی کہ خدارا کرپٹ ٹی ایم او کو ہٹا کر ایماندار اورخدا ترس آفیسر مقرر کیا جائے جو شہر کو کھنڈر ہونے سے بچائے۔