مزید خبریں

کپاس کی چنائی نمی خشک ہونے پر شروع کی جائے

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے اگیتی کاشتہ فصل کپاس کی تیار شدہ پھٹی کو چھوٹے وقفوں سے چن کر مارکیٹ میں فروخت کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ اگیتی کھلی ہوئی پھٹی بارشوں یا جڑی بوٹیوں کے پتوں اور بیجوں وغیرہ کی آمیزش سے خراب نہ ہونیز کاشتکاروں سے کہاگیاہے کہ وہ روئی کو چننے کے بعد اچھی طرح خشک کرنے کا انتظام بھی کریں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کپاس کی چنائی اس وقت شروع کریں جب ٹینڈے اچھی طرح کھل جائیں تاکہ ان سے اعلیٰ معیار کی کپاس حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کیڑوں، بارشوں کے پانی اور جڑی بوٹیوں کے پتوں کی آمیزش شدہ پھٹی کو الگ رکھیں اور علیحدہ فروخت کریں۔انہوں نے کہاکہ کپاس کی چنائی نمی خشک ہونے پر شروع کی جائے تاکہ روئی میں شبنم کی نمی باقی نہ رہے اور کپاس بد رنگ ہونے سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہاکہ چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے سے کھلے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کرتے ہوئے بتدریج اوپر کو چنائی کرتے جائیں تاکہ نیچے کے ٹینڈوں میں کھلی ہوئی کپاس پتوں اور دوسری آلائشوں سے محفوظ رہے۔انہوں نے کہاکہ چنائی کرتے وقت ٹینڈوں سے کپاس کو اچھی طرح نکال لیں اور چنائی قطاروں میں شروع کرائیں نیز چنائی کرنے والی عورتوں کو پابند کریں کہ وہ اپنے سر وں کوسوتی کپڑوں سے ڈھانپ کر رکھیں۔علاوہ ازیں چنائی کرنے والے کھیت مزدوروں کو اجرت کپاس کی صفائی اور ستھرائی کو مدنظر رکھ کر ادا کریں اور صرف مقدار کو اجرت کی کسوٹی نہ بنائیں۔انہوں نے کہاکہ چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑوں پر رکھا جائے ۔