مزید خبریں

کشمیرپریمئرلیگ2 میں میرپور رائلز کو دوسری شکست

مظفر آباد (نمائندہ خصوصی) کشمیر پریمیئرلیگ کے دوسرے ایڈیشن میں شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز کو دوسری شکست ہوگئی۔ کپتان اسدشفیق کی سنچری کی بدولت اوورسیز وارئیرز نے میرپور رائلز کو15 رنز سے ہرادیا۔ مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں میرپور رائلز کی دعوت پر اوورسیز وارئیرز کی ٹیم ابرار احمد کی شاندار بولنگ کے باوجود7 وکٹوں پر188 رنز بنا گئی۔ اسدشفیق نے حالیہ ایونٹ کی پہلی سنچری اسکور کی، 60 گیندوں پر 112رنز کی اننگز کھیلی۔۔لیگ اسپنر ابرار احمد نے4 اوورز میں 9رنز دے کر2 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں ان فارم علی عمران جلد آؤٹ ہوگئے۔ حسن نواز نے بولرز کی خوب خبر لی۔30 گیندوں پر56رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر وکٹ گنوابیٹھے۔ کپتان شعیب ملک رن آؤٹ ہوئے مڈل اوورز میں مشکل پیش آئی۔ حارث سہیل بھی 54 بناکر رنزآؤٹ ہوئے۔ بقیہ کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھاسکے۔ میرپور رائلز کی ٹیم 8 وکٹوں پر 163 رنز تک محدود رہی۔ شاندار سنچری پر اسدشفیق میچ کے بہترین کھلاڑی رہے۔