مزید خبریں

آل پاکستان ا سکواش چمپئن شپ کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹاپ سیڈ پنجاب کے محمود محبوب نمبر دو سیڈ انس دلشاد نے آل پاکستان ٹیکساس چکن اوپن انڈر19بوائز اینڈ گرلز اسکواش چمپئن شپ کے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی ، گرلز انڈر 17میں سوہا علی اور سمیرا نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔جمعرات کو پی ایس ایف جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پی ایس بی کراچی سینٹر این سی سی پر چمپئن شپ کا آغاز ہو گیا ۔پانچ لاکھ روپے مالیت کی انعامی رقم کی حامل چمپئن شپ میںگرلز انڈر19کے مقابلے آج سے شروع ہونگے ۔ ایونٹ کے مین اسپانسر ٹیکساس چکن اور کو اسپانسر امریکن بزنس کونسل ہے ۔بوائز انڈر 19میں ٹاپ سیڈ پنجاب کے محمود محبوب نے پنجاب ہی کے طلحہ بن زبیر کو 11-7،11-7اور11-5سے جبکہ نمبر دو سیڈ نیوی کے انس دلشاد نے کے پی کے تیمور خان کو 11-8،11-5اور11-9 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں جبکہ بنائی ۔دیگر میچوں میں ورون آصف نے ارشد اعجاز کو ،ازلان خاور نے محمد علی کو اور عاشر بٹ نے حمزہ شوکت کو زیر کیا اور ٹاپ16کے لئے کوالیفائی کیا ۔گرلز انڈر 15میں ٹاپ سیڈ سندھ کی سحرش علی ،نمبر دو سیڈ کے پی کی وجیہہ الطاف ،نمبرہ بتول اور ماہ نور علی کو بائی مل گئی ۔سندھ کی سوہا علی نے سندھ ہی کی ماریہ رازی کو 11-0،11-1اور 11-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔