مزید خبریں

موسمیاتی تغیر ، 3بڑی معیشتیں متاثر ، لندن اور چین میں بارش سے تباہی

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑی تباہی کا سامنا ہے اور بڑی معیشتیں ہل کر رہ گئی ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا، یورپ اور چین شدید گرمی اور خشک سالی کا شکار ہیں۔ عالمی سطح پر بیشتر ممالک کو معاشی سست روی کا سامنا ہے۔ چین کے صوبے سیچوان میں تمام کارخانوں کو 6 دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ بجلی کی بچت ہوسکے۔جرمنی کے اہم ترین دریا کی سطح خشک سالی کے باعث گھٹ گئی ہے جس سے سامان کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔امریکا کے مغربی ساحلی خطے میں درجہ حرارت بڑھنے کے بعد لوگوں کو بجلی کی بچت کی ہدایت کی جارہی ہے۔ آکسفورڈ اکنامکس کے گلوبل میکرو ریسرچ کے ڈائریکٹر بین مے کے مطابق متاثرہ خطوں پر ان حالات کے اثرات نمایاں ہوں گے۔چین، یورپ اور امریکا کے اہم دریا خشک ہو رہے ہیں جس سے سامان کی ترسیل اور آب پاشی کے نظام متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب چین کے صوبے کنگ ہائی کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث 16 افراد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سیلاب سے 36 افراد لاپتا ہوگئے ، جنہیں تلاش کرنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کی جانب سے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ادھر موسلادھار بارش نے لندن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور برطانوی دارالحکومت کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ بارش سے بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا،جب کہ وکٹوریا ریلوے اسٹیشن زیرآب آگیا ہے۔