مزید خبریں

تاجروں کا پیٹرول کی قیمت میں 100روپے کمی کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تاجروں نے حکومت کی جانب سے پیٹرول کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے معیشت دشمن اقدام قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے اور پیٹرولیم کی قیمتیں عالمی منڈی میں کمی کے مطابق کم از کم سو روپے کم کی جائیں ، اگر حکومت نے پیٹرولیم کی قیمت عالمی منڈی کے تناسب سے کم نہ کیں اور آئی ایم ایف کے ایجنڈے پرچھوٹے تاجروں پر 27 ارب روپے کے مزید ٹیکس لگانے کی کوشش کی توتاجر بھرپور مزاحمت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق تاجروں نے آئی ایم ایف کے 27 نکاتی ایجنڈے کو حکومت کی جانب سے تسلیم کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کی جانب سے یکم ستمبر سے پیٹرول پر پچاس روپے فی لٹرلیوی عائد کرنے اور چھوٹے تاجروں پر 27 ارب روپے سیلز ٹیکس لگانے کے اعلان کی بھی پر زور مذمت کی ہے۔ تاجر رہنماؤں نے بجلی کے نرخوں میں بھی اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ ان فیصلوں کا اعلان آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا جو کراچی ڈویژن کے صدر محمود حامد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا کہ حکومت کے تاجر دشمن اقدامات کے باعث تاجر دیوالیہ ہو رہے ہیں ،عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے، بھوک، افلاس اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے ،بجلی کے بھاری بھر کم بل دیکھ کر دو تاجروں کو گزشتہ دنوں ہارٹ فیل ہو گیا، فیصل آباد کے ایک غریب شخص نے بھوک اور بیروزگاری سے تنگ آکر اپنی دو بیٹیوں کو ذبح کرنے کے بعد خود کشی کرلی، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ایسے واقعات روز مرہ کا معمول بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستانی ایکسپورٹ غیر معمولی طور پر متاثر ہو رہی ہے، تجارتی خسارہ خوفناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے ۔