مزید خبریں

سندھ میں ضمنی و بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) این اے 245 کراچی میں ضمنی الیکشن اور سندھ کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلیے پولنگ مقررہ وقت پر 21اور 28اگست کو ہی ہوگی‘ فوج‘رینجرز‘ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات ہوں گے۔الیکشن کے پرامن انعقاد کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیرصدارت ہوا‘ چیف سیکرٹری سندھ نے بذریعہ وڈیولنک شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر این اے 245 اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس میں دونوں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کا پیغام پہنچایا کہ پولنگ کے دوران کسی بھی قسم کی بدامنی پھیلانے اور پولنگ میں مداخلت کرنے کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گااو ر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے بریف کیا کہ الیکشن کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنوں کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موبائل ٹیمیں اور ریزروفورسز بھی تعینات کی جا رہی ہیں۔ پولیس کے علاوہ امن اومان کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز کے دستے اور پاک آرمی بطور (Third Tier) ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ الیکشن کے انعقاد سے قبل بھی پولنگ میٹریل کی بحفاظت ترسیل اور واپسی کے خاطر خواہ انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے یہ واضح کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے دوران کسی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کرے گا اور تمام ذمہ داروں کے خلاف فوری اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائے جائیگی۔ یاد رہے کہ این اے 245 کراچی میں 263 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے انتخابات جو کہ کراچی اور حیدر آباد میں ہونگے ان میں 9046 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔پاک آرمی اور رینجرز کے فلیگ مارچ پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشنز کے احاطے کے آس پاس مسلسل مارچ کرتے رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ مزید برآں انتظامیہ کوہدایت کی گئی کہ پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات، پانی ، بجلی ، واش روم، باہم معذوری افراد کے لئے ریمپ کی سہولیات ، بزرگ ، حاملہ خواتین اور خواجہ سراوں کو ووٹ ڈالنے کو آسان بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنوں کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔