مزید خبریں

Jamaat e islami

ملعون سلمان رشدی قاتلانہ حملے میں شدید زخمی

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق شاتم رسول سلمان رشدی پر حملہ امریکی ریاست نیویارک کے علاقے شوٹاکوا میں اس وقت ہوا جب وہ ایک تقریب سے خطاب کیلئے اسٹیج پر پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح سی ایچ کیو 22 کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں سلمان رشدی کو خطاب کرنا تھا اور جیسے ہی وہ اسٹیج پر آیا ایک شخص نے اس پرپلٹ جھپٹتے ہی حملہ کردیا اور چھریوں سے کئی وار کیے‘ رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے اسٹیج پر آکر سلمان رشدی اور انٹرویو لینے والے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کیا۔ بی بی سی کے مطابق سلمان رشدی کی گردن پرگہرا زخم آیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے فوری بعد سلمان رشدی کو وہاں سے لے جایا گیا جبکہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔سلمان رشدی کو طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حملے کے بعد اسٹیج پر ہی ملعون سلمان رشدی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے والی ڈاکٹر ریتا لینڈ مین نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ سلمان رشدی کے جسم پر چاقو کے متعدد زخم ہیں جبکہ گردن پر دائیں جانب ایک بڑا زخم موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر حملے کے بعد رشدی کا کافی خون بہہ گیا تھا لیکن لوگ کہہ رہے تھے کہ نبض چل رہی ہے۔گورنر نیویارک کیتھے ہوچل کا کہنا ہے کہ ملعون مصنف سلمان رشدی زندہ ہے۔ اس بات کی تصدیق انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کی۔گورنر نے مزید کہا کہ سلمان رشدی کو اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور حملہ آور کے حوالے سے مزید معلومات جمع کی جارہی ہیں۔خیال رہے کہ ملعون سلمان رشدی کو توہین آمیز تصنیف کی وجہ ایران کے آیت اللہ خمینی کی جانب سے قتل کا فتویٰ دیا گیا تھا اور 1988 میں اس معاملے پر برطانیہ میں بھی متعدد مظاہرے ہوئے تھے۔پاکستان نے سلمان رشدی کی گستاخانہ کتاب پر پابندی عاید کردی تھی۔